اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخابات سے عین قبل کانگریس کو محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے نوٹس موصول ہوا ہے۔ اس نوٹس کو لیکر کافی سیاست شروع ہوگئی ہے، انڈین نیشنل کانگریس کمیٹی اسے سازش قرار دے رہی ہے۔ اب کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کھلی وارننگ دی ہے۔ دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ جب حکومت بدلے گی تو جمہوریت کو ختم کرنے والوں کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی اور ایسی کارروائی کی جائے گی کہ پھر کسی کو یہ سب کرنے کی جرات نہ ہو، یہ میری ضمانت ہے۔ اب یہاں سمجھنے والی بات یہ ہے کہ کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ اس کے یوتھ ونگ کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد جب انکم ٹیکس کا یہ نوٹس آیا تو راہل نے بی جے پی کو کھلا چیلنج دیا ہے۔