اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر سعودی قیادت کی تعریف کی۔ انوار الحق کاکڑ نے عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا۔ نگران وزیراعظم نے بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔