اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کا مرکزی دو سالہ کنونشن 9 دسمبر پریس کلب لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد ہو گا چیف الیکشن کمیشن برائے کنونشن سردار الطاف خان نے الیکشن شیڈول جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن کا اجلاس زیر صدارت سردار الطاف خان منعقد ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عدنان ریاض ایڈووکیٹ، ممبران سردار اسد ابراہیم، سردار قدیر اور عامر ساحل کی مشاورت سے الیکشن شیڈول جاری کیا گیا۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات خواجہ سجاد احمد ایڈووکیٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مرکزی صدر، سیکرٹری جنرل اور چیف آرگنائزر کے انتخاب کے لئے پولنگ ہو گی۔ جنرل کونسل دو سال کے لئے عہدیداران کا انتخاب کریگی، الیکشن شیڈول کے مطابق امیدواران 21 نومبر سے 25 نومبر تک کاغذات نامزدگی سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا سکیں گے، 26 نومبر کو کاغذات کی پڑتال اور اعتراضات پر سماعت ہو گی اور 26 نومبر کو امیدوار اپنے کاغذات واپس بھی لے سکتے ہیں، 27 نومبر کو امیدواران کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور پولنگ 9 دسمبر کو ہو گی۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے کارکنان جمہوری اور قائد محترم سردار خالد ابراہیم کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے لئے امیدواران سے بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواران بھرپور الیکشن مہم چلائیں اور جنرل کونسل کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ووٹ کے ذریعے نئی قیادت سامنے آئے گی۔