0
Saturday 18 Nov 2023 13:11

اسرائیلی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، تنویر الیاس

اسرائیلی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، تنویر الیاس
اسلام ٹائمز۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں فلسطینی مسلمانوں پر جاری اسرائیلی مظالم، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کے خلاف اور اہل کشمیر و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام مری روڈ راولپنڈی سے پریس کلب اسلام آباد تک عظیم الشان "یکجہتی فلسطین و کشمیر" ریلی کا انعقاد۔ موٹر سائیکل اور گاڑیوں پر مشتمل ریلی کا آغاز مری روڈ راولپنڈی سے ہوا جس میں نوجوانوں، بزرگوں، بچوں، خواتین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکائے ریلی نے بھارت اور اسرائیل مخالف شدید نعرہ بازی کی۔ جڑواں شہروں کی فضا افواج پاکستان اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے حق میں لگائے گئے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ ہر طرف فلسطین اور قومی جھنڈوں کی بہار تھی۔ ریلی پریس کلب پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ 

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے تاریخ ساز ریلی کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی بربریت اور درندگی سے ہزاروں معصوم، بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اسرائیل غزہ کے ہسپتالوں میں زیر علاج معصوم جانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو چکا ہے۔ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں جبکہ عرب لیگ اور او آئی سی محض مذمتی بیان بازی تک محدود ہیں۔ دنیا کا امن خطرے میں ہے۔ امت مسلمہ اور مغربی ممالک کو آگے آ کر اسرائیلی مظالم کو روکنا ہو گا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ دو عالمی جنگوں کے بعد مزید انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اقوام متحدہ کا مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر کردار افسوسناک ہے۔ اقوام متحدہ کو فوری امن فوج کے دستے تعینات کرنے چاہیے۔ پاکستان دنیا کے ہر مظلوم طبقہ کی آواز ہے۔ ہم نے کمزور معیشت کے باوجود آج تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔ اسرائیل کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت و بربریت کو روکے۔ پاکستان کی قومی پارٹیوں کو الیکشن کے چکر سے نکل کر اپنے مظلوم فلسطینیوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانی چاہیے۔ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے۔اسلام کے خلاف سازشیں رچائی جا رہی ہیں۔ دنیا میں سب سے پہلا خودکش حملہ یہودی خاتون نے کیا تھا جبکہ غیر مسلم قوتیں اسلام کو بدنام کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔ ہمارے ایمان کا تقاضا ہے کہ ہم اسرائیلی بربریت کو ہر سطح پر چیلنج کریں۔ ہم ہر وہ دروازہ کھٹکھٹائیں گے جو کشمیریوں و فلسطینیوں کی مدد کر سکے۔ 

اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی سابق وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید سمیت سابق معاونین، مشیران،صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 1096506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش