0
Wednesday 15 Nov 2023 23:13

اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا اسپتال سے 200 عام فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا

اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا اسپتال سے 200 عام فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا
اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے الشفا اسپتال پر حملہ کرکے 200 عام فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے 40 ویں روز بھی جاری رہے، اسرائیلی فوج کی خان یونس اور وسطی غزہ میں رہائشی گھروں پر بمباری سے 14 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 11 ہزار 5 سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کئی دن کے محاصرے کے بعد غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال پر دھاوا بول دیا، اسرائیلی فوج الشفا اسپتال میں داخل ہوئی، ایمرجنسی اور سرجیکل وارڈز کی تلاشی لی، ڈاکٹروں نے مریضوں کو چھوڑ کر اسپتال سے نکلنے سے انکار کر دیا، نومولود بچوں کو دوسرے وارڈز میں منتقل کرنا پڑا۔ مریض، طبی عملہ، بے گھر افراد اسپتال میں محصور ہوگئے، اسپتال سے 200 عام فلسطینیوں کو  بھی حراست میں لے لیا گیا۔ اسرائیلی ریڈیو کے مطابق اسپتال سے کوئی یرغمالی نہیں ملا۔

اسرائیلی فوج نے اسپتال سے اسلحہ ملنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ڈاکٹروں اور حماس نے اسرائیلی دعویٰ جھوٹا قرار دے دیا ہے۔ حماس نے الشفا اسپتال پر حملے کی ذمہ داری امریکی صدر بائیڈن پر عائد کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے زیر انتظام رہی پارلیمنٹ کی عمارت دھماکے سے اڑا دی۔ غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران اسرائیلی حکام کے مطابق اس کے دو فوجی القسام کی کارروائیوں میں مارے گئے، اب تک زمینی آپریشن کے دوران 51 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے 40 ویں روز بھی جاری ہیں۔ خان یونس اور وسطی غزہ میں گھروں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 14 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ادھر قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان یرغمالیوں کی رہائی پر بات چیت جاری ہے، قطری عہدیدار کے مطابق 50 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں 3 روزہ جنگ بندی پر بات ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1095951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش