اسلام ٹائمز۔ باکو میں ایرانی سفیر سید عباس موسوی نے گذشتہ شام آذربائیجانی صدر کے معاون برائے خصوصی مشنز خلف خلف اوف کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیشرفت اور علاقائی مسائل بالخصوص کاراباخ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں تازہ ترین پیشرفت اور علاقائی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ نگورنو کاراباخ کی خود ساختہ حکومت نے جمعرات کے روز اس جمہوریہ کے باقاعدہ خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں جمہوریہ کاراباخ کے صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام سرکاری اداروں کو تحلیل کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کاراباخ کے اندرون ملک و بیرون ملک مقیم تمام باشندوں کو کاراباخ کے جمہوریہ آذربائیجان میں انضمام کے حالات سے آگاہ کیا جائے۔