0
Tuesday 19 Sep 2023 20:45

پیٹرول کی ظالمانہ قیمتیں، کراچی کے 15 مقامات پر جماعت الامی کا سڑکوں پر گاڑیاں روک کر احتجاج

پیٹرول کی ظالمانہ قیمتیں، کراچی کے 15 مقامات پر جماعت الامی کا سڑکوں پر گاڑیاں روک کر احتجاج
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں ظالمانہ اضافے، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈالنے اور حکمرانوں، وزیروں، اعلیٰ افسران اور طبقہ اشرافیہ کو دی جانے والی مراعات اور مفت بجلی و پیٹرول ختم نہ کرنے کے خلاف شہر بھر میں 15 مقامات پر احتجاج کیا گیا اور شہریوں نے سڑکوں پر اپنی موٹر سائیکلیں، کاریں و دیگر گاڑیاں بند کرکے بھرپور احتجاج کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نرسری اسٹاپ شاہراہ فیصل پر ہونے والے احتجاج میں شریک ہوئے اور خطاب کیا۔ احتجاج کے دوران ایک شہری مہنگائی اور بجلی و پیٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف پر زور نعرے لگاتے ہوئے اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکا اور زارو قطار رونے لگا جس پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینا چاہیئے، حالات اس قدر سنگین ہوگئے ہیں کہ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم عوام کے ساتھ مل کر حکمرانوں کا راستہ روکیں گے، ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، جدوجہد کو مزید تیز اور تحریک کو آگے بڑھائیں گے، آج 15 مقامات پر سڑکیں بند کیں اور احتجاج کیا گیا، اگلے مرحلے میں کراچی کے عوام 100 مقامات پر گاڑیاں اور  شہر کی سڑکیں بند کریں گے، جماعت اسلامی کے تحت پشاور میں کے پی کے گورنر ہاؤس پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، 6 اکتوبر کو گورنر ہاؤس سندھ پر تاریخی دھرنا دیا جائے گا، حکمران عوام کے جذبات سے نہ کھیلیں، نگراں حکمران فوری طور پر پیٹرول و بجلی کی قیمتیں کم کریں، انتخابات کروائیں اور گھر چلے جائیں، سارا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، وڈیروں اور جاگیرداروں پر بھی ٹیکس لگائے جائیں، حکمران طبقے کا پروٹوکول، مفت پیٹرول و بجلی بند کی جائے۔ مہنگائی ختم کی جائے اور آٹا اور چینی مافیا کو بے نقاب کیا جائے، حکمران اگر اپنی مراعات ختم کریں گے تو پھر عوام ساتھ دیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ تنخواہ دار طبقہ ٹیکس ادا کریں اور جاگیردار، وڈیرے اور بیوروکریٹس طبقہ ٹیکس نہ دے ایسا کسی صورت قبول نہیں، وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ قوم کو بیوقوف نہ بنائیں، وہ کہتے ہیں کہ میرے پاس اختیار نہیں کہ پیٹرول و بجلی کی قیمتیں کم کرسکوں، وہ بتائیں کہ اگر قیمتیں کم کرنے کا اختیار نہیں ہے تو پھر کس کے کہنے پر قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو اب کسی صورت قوم اور زبان کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جاسکتا، کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام جماعت اسلامی کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی میں جس بلڈنگ سے اربوں روپے برآمد ہوئے ہیں، بتایا جائے اس بلڈنگ کے مالک کا نام سامنے کیوں نہیں لایا جارہا۔
خبر کا کوڈ : 1082663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش