اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کی راہنما اور سینیٹر قراۃ العین مری نے کہا کہ عرفان صدیقی صاحب آپ ’جاگ پنجابی جاگ‘ سے اب لوگوں کو جھانسہ نہیں دے سکتے۔ پیپلزپارٹی کی راہنما نے سینیٹر عرفان صدیقی کے بیان پر ردعمل میں کہا صدیقی صاحب آپ کو 1985ء یاد ہے مگر 1988ء کیسے بھول گئے۔؟ صدیقی صاحب آج بلاول بھٹو زرداری سے کیوں گھبرا رہے ہیں۔؟ پنجاب پاکستان کا دل ہے، وہاں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی آمد سے کیوں پریشان ہیں۔؟ سینیٹر قراۃ العین مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی حقیقت ہے، پیپلزپارٹی کو جیالوں پر فخر ہے۔ پنجاب کے لوگ بہادر ہیں، ان کے پاس بزدلوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ گزشتہ ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی اور ملتان میں جیت گئی، پنجاب میں مسلم لیگ نون ڈھیر ہوگئی۔