اسلام ٹائمز۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ کے آخری دن کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کئی اہم مسائل پر بات کی۔ حیدرآباد میں جاری اجلاس کے دوران کانگریس صدر نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے۔ حیدرآباد کو آج کے دن 1948ء میں آزادی ملی تھی۔ کانگریس نے ایک طویل جنگ لڑی۔ نہرو جی اور سردار پٹیل نے حیدرآباد کو آزاد کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک حیدرآباد میں ہونے والے اس اجلاس کے پیغام کا انتظار کر رہا ہے۔ ہمارا آج کا ایجنڈا ریاستی اسمبلی انتخابات اور 2024ء کے پارلیمانی انتخابات کی تیاری ہے۔
کانگریس کے صدر نے کہا کہ ہم مستقبل کے چیلنجوں سے واقف ہیں، یہ چیلنجز دراصل ہندوستانی جمہوریت کے چیلنجز ہیں، ملک کے آئین کو بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔ ایس سی، ایس ٹی او بی سی، خواتین، غریبوں اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ایک چیلنج ہے۔ آنے والے انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اگلے 2 سے 3 ماہ میں 5 ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں صرف 6 ماہ رہ گئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات بھی ہو سکتے ہیں، ہمیں یہ بھی ذہن میں رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی شکست مہاتما گاندھی کو سچی خراج عقیدت ہوگی۔