0
Saturday 25 Mar 2023 20:30

ڈیرہ اسماعیل خان میں حکومت ٹارگٹ کلرز کے سامنے مکمل بے بس نظر آتی ہے، علامہ جہانزیب جعفری 

ڈیرہ اسماعیل خان میں حکومت ٹارگٹ کلرز کے سامنے مکمل بے بس نظر آتی ہے، علامہ جہانزیب جعفری 
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تسلسل سے جاری دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی، آئے روز کسی نہ کسی بے گناہ کو بے دردی سے قتل کر دیا جاتا ہے، حکومتی رٹ مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں سے یہ قتل و غارتگری کا سلسلہ جاری ہے جس میں ایک ہی مسلک کے افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اگر یہی صورتحال رہی تو لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، پہلے بھی کئی متاثرہ خاندان ڈیرہ اسماعیل خان سے دیگر علاقوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے جاری دہشت گردی کو سنجیدگی سے روکنے کی کوشش ہی نہیں کی گئی، اگر سنجیدہ اور مربوط انداز سے ان سفاک قاتلوں کے ساتھ نمٹا جاتا تو یہ ظلم وبربریت کا سلسلہ تھم چکا ہوتا، حکومتی رٹ مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے حسی اور ناکامی کی یہ حالت ہے کہ آج تک کسی ایک قاتل کو بھی گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک نہیں پہنچایا گیا، الٹا جن خودکش بمباروں کو عوام نے زندہ پکڑ کر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حوالے کیا انکے انجام کا بھی کوئی پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کا نشانہ بننے والے اسلم خان کے خاندان سے پہلے بھی 27 افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں لیکن افسوسناک اور دردناک پہلو یہ ہے کہ آج تک ایک قاتل بھی قانون کی گرفت میں نہیں آ سکا، ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس دہشتگردی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ اگر دہشتگردانہ کارروائیوں کو نہ روکا گیا تو ملت جعفریہ ایک مرتبہ پھر دھرنا دینے پر مجبور ہوجائیگی اس دفعہ ملکی سطح پر دھرنے کی حمایت میں ساتھ دینے کی اپیل کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 1048693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش