متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس ایم عابدی
حرم امام حسینؑ سے وابستہ موسسۃ الامام الحسینؑ کے سربراہ حجۃ الاسلام شیخ احمد السمیری نے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا عنوان ’’حسینؑ عظمت انسانی کی معراج‘‘ تھا۔ خوجہ پیرائی شیعہ اثناء عشری جماعت اور ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ پاکستان کی جانب سے فاطمہ آڈیٹوریم میں منعقدہ کانفرنس میں شیعہ سنی علماء اور مذہبی اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے منتظم علامہ سید صادق رضا تقوی نے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے یہ کانفرنس درحقیقت پاکستان کے معروضی اور دنیا کے سیاسی حالات کے تناظر میں بہت اہمیت رکھتی ہے کہ جہاں ہمیں ایک دوسرے سے مربوط رہنے اور ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کا دروازہ کھلا رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ حجۃ الاسلام شیخ احمد السمیری نے کہا کہ اس وقت دنیا میں گفتگو کا دروازہ کھلا ہے، ہمیں چاہیئے کہ ہمیشہ حق بیان کریں اور سیرت امام حسینؑ کی پیروی کریں اور تعلیمات حسینیؑ کی تشنہ انسانیت کو سیراب کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔امت واحدہ کے سربراہ علامہ شہیدی نے امام حسینؑ اور دنیا کے معروضی حالات پر توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا حقیقت میں انسانیت کی پیاسی ہے، لہذا آج بھی یہ نعرہ لگایا جارہا ہے کہ انسان کو بیدار تو ہو لینے دو ،ہم قوم پکارے کی ہمارے ہیں حسینؑ ۔ انہوں نے کہا کہ آج امام حسینؑ کا نعرہ، ظلم و زیادتی سے نفرت کا نعرہ ہے، انسان اور انسان دوستی کا نعرہ ہے، آج ظلم کے خلاف ڈٹے ہوئے لوگ چاہے کہیں پر بھی ہوں درحقیقت امام حسینؑ کے لگائے گئے ظلم کے خلاف نعرے کی طرف متوجہ کررہے ہیں۔ کانفرنس سے مولانا محمد حسین رئیسی، ابوالحسن گوکل، قاضی احمد نورانی صدیقی، سکھ رہنما انیل سنگھ، ہندو رہنما پروفیسر منوج چوہان، مسیحی رہنما بشپ خادم بھٹو نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر بزرگ عالم دین علامہ رضی جعفر نقوی،سید شبر رضا، مولانا نسیم حیدر زیدی، مولانا سجاد رضوی سمیت دیگر علماء بھی موجود تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر مہمانان گرامی کو شیلڈ بھی پیش کی گئی اور حرم امام حسین ؑ کے وفد نے منتظمین کو پرچم امام حسینؑ کا ہدیہ بھی پیش کیا۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial