0
Thursday 13 Jun 2024 20:50
ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے تحت

کراچی میں منفرد آئمہ جمعہ کانفرنس، ویڈیو رپورٹ

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید ظفر جعفری

ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں آئمہ جمعہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے کنوینر مولانا سید صادق رضا تقوی نے بتایا کہ اس کانفرنس میں شہر کراچی کے 60 سے زائد جمعہ اجتماعات کے آئمہ جمعہ کو دعوت دی گئی تھی، کانفرنس میں 40 سے زائد آئمہ جمعہ نے شرکت کی۔ کانفرنس کا عنوان حضرت امام خمینیؒ کی برسی کی مناسبت سے ’’فکر امام خمینیؒ اور آئمہ جمعہ کی ذمہ داریاں‘‘ رکھا گیا تھا۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد و پہلی آئمہ جمعہ کانفرنس تھی کہ جس میں پاکستان کے دل ’’شہر کراچی‘‘ کے آئمہ جمہ نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کے بعد ہیئت آئمہ مساجد کے صدر مولانا محمد حسین رئیسی نے کانفرنس کے مقاصد کو بیان کیا۔ اس کے بعد جامع مسجد بوتراب کے خطیب مولانا سید علی حیدر زیدی نے "نماز جمعہ اور ظہور امام زمانہؑ کی راہیں ہموار کرنا" کے عنوان پر خطاب کیا۔ ہیئت کے جوائنٹ سیکریٹری اور کانفرنس کے کنوینر مولانا سید صادق رضا تقوی نے کانفرنس کے عنوان پر روشنی ڈالی اور ’’دور حاضر اور اسلامی بیداری میں فکر امام خمینیؒ کا کردار‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر مولانا سید باقر عباس زیدی نے بھی خطاب کیا۔

بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ محمد سلیم نے ’’امام خمینیؒ کی نگاہ میں آئمہ جمعہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر گفتگو کی۔ مقررین نے دور حاضر میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ، قرآن و قرآنی تعلیمات کی بالاستی، مکتب اہل بیتؑ کی ترویج و شناخت، عالم استکبار کی ذلت و ہزیمت، مظلوموں کے قیام، صہیونی ریاست اسرائیل کی تباہی، مشرق و مغرب میں عوامی بیداری سمیت دنیا کے دوسرے سیاسی و اجتماعی واقعات کے رونما ہونے میں حضرت امام خمینیؒ کی فکر و افکار کو مرکز اور بنیاد قرار دیا۔ کانفرنس کے دوسرے حصے میں تمام آئمہ جمعہ نے دین اسلام کے اس اجتماع نماز جمعہ کو مزید بہتر و مفید بنانے کیلئے آراء و تجاویز کو پیش کیا۔ کانفرنس کے آخر میں ہیئت کے جنرل سیکریٹری مولانا اصغر حسین شہیدی نے خطاب کیا اور آئمہ جمعہ کی آراء و تجاویز کو مرتب کے سوالات کے جوابات بھی دیئے، مستقبل میں ہیئت کی جانب سے علماء کے علاج و معالجہ اور بچوں کی تعلیم و دیگر امور سے متعلق نکات کو بیان کیا۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض مولانا نعیم الحسن الحسینی نے انجام دیئے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1141495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش