متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ محسن ملت شیخ محسن علی نجفی کی یاد میں سکردو جامعۃ الزہراء میں تجلیلی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں بلتستان بھر کے جید علماء اور جبکہ چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تجلیلی کانفرنس میں بلتستان کے علماء اور دانشوروں نے دین، ملت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں محسن ملت کی گراں قدر خدمات پر اپنے مقالات کے ذریعے روشنی ڈالی۔ بلتستان کے معروف محقق محمد حسن حسرت نے محسن ملت کی تعلیمی خدمات، ڈاکٹر شریف شفا نے طبی میدان میں محسن نجفی مرحوم کی خدمات کو اجاگر کیا، معروف عالم دین شیخ مظفرئ نے مدینہ اہلبیت کے قیام اور خدمات پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے اپنے مقالات میں بتایا کہ شیخ محسن علی نجفی مرحوم نے تعلیم کے میدان میں ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 34 مدارس دینیہ کا قیام عمل میں لایا گیا جن میں بلتستان میں 6، کشمیر اور کے پی کے میں 3، سندھ میں 4، پںجاب میں 13، اسلام آباد میں 2 اور نجف اشرف میں دو مدارسِ کا قیام شامل ہیں۔ عصری تعلیم کیلئے اسوہ ایجوکیشن سسٹم کے ذریعے گلگت بلتستان میں تعلیمی انقلاب برپا کیا۔ اسوہ ایجوکیشن سسٹم کے تحت مختلف سکولوں اور کالجز میں اس وقت 25 ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں۔
مرحوم کی طبی میدان میں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ محسن ملت نے ملک کے مختلف حصوں میں 5 ہسپتال اور 8 ڈسپنسریوں کا قیام عمل میں لایا۔ جبکہ سالانہ میڈیکل کیمپس کے ذریعے ہزاروں مریضوں کا مفت علاج اور آپریشن کیا جاتا ہے۔ غریب، یتیم اور نادار افراد کیلئے ملکی تاریخ کا سب سے بہترین ہاؤسنگ پراجیکٹ مدینہ اہلبیت سکردو محسن ملت شیخ محسن علی نجفی مرحوم کا شاہکار ہے۔ سکردو میں 240 کنال پر مشتمل اس کالونی میں 378 گھر بنائے گئے جن میں مقیم 2645 افراد کیلئے رہائش کے ساتھ کھانا، تعلیم و صحت کی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔
تجلیلی کانفرنس کے مہمان خصوصی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ محسن نے مجتہدین سے بھی زیادہ کام کیا۔ علامہ راجہ ناصر نے بتایا کہ شیخ محسن نے ہی انہیں دینی تعلیم کی طرف گامزن کیا۔ میرے سر پر عمامہ بھی شیخ محسن نے ہی رکھا تھا، وہ ایک عجیب شخصیت تھے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ وہ پاکستان میں واحد شخصیت تھے جو ملت کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کر سکتے تھے، پاکستان میں وہ واحد نکتہ اتحاد تھے۔ کانفرنس کے میزبان شیخ محمد حسن جعفری نے محسن ملت کی گراں ضدر خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کی زندگی کے مختلف گوشوں کا ذکر کیا۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial