اسلام ٹائمز۔ کئی سال سے زیر التوا کراچی سے سکھر موٹروے کی رواں سال 2025ء میں تعمیر کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے خصوصی اجلاس میں کراچی سے سکھر تک موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ کراچی سکھر موٹروے کا کام 2025ء میں جلد از جلد شروع کریں گے، حکومت سندھ کو بھی موٹروے کی تعمیر میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے، موٹروے کا آغاز کراچی پورٹ سے ہوگا اور اسے سکھر موٹروے سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سے سکھر موٹروے کی تعمیر کے بعد ملک میں نارتھ، ساؤتھ موٹروے کا نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سکھر موٹروے پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے طور پر شروع کیا جا سکتا ہے، اگر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میسر نہ ہوئی تو حکومت خود اس موٹروے کا خرچہ اٹھائے گی، اور اگلے 25 سال میں یہ موٹروے حکومت کو 3000 ارب روپے کا منافع دے گی۔