اسلام ٹائمز۔ صرف 4 سال میں شہر کراچی میں خلع کے کیسز دائر کرنے کی تعداد دو گنا ہوگئی ہے۔ سال 2020ء میں کراچی کی فیملی کورٹس میں 5 ہزار 8 سو 45 کیسز دائر ہوئے، جبکہ 2024ء میں 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈیٹا کے مطابق صرف کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر 30 سے زائد خلع کے کیسز فائل ہو رہے ہیں، جبکہ چار سال پہلے یہ شرح 16 کیسز یومیہ بنتی ہے۔ رواں سال کراچی کے 5 اضلاع میں دائر ہونے والے خلع کے کیسز کی تعداد گذشتہ چار سالوں کے دوران دوگنا ہو چکی ہے، سال 2020ء میں کراچی کی فیملی کورٹس میں دائر ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 845 تھی۔ 2021ء میں یہ تعداد 8 ہزار تک پہنچی، جبکہ 2022ء میں یہ تعداد 8 ہزار 467 رہی۔ سال 2023ء میں 8 ہزار 5 سو کیسز ہی رہی، جبکہ سال 2024ء میں کراچی کے 5 اضلاع میں دائر ہونے والے کیس کی تعداد 11 ہزار سے تجاویز کر چکی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2024ء میں کراچی کے ضلع شرقی میں 3 ہزار 2 سو 88 خلع کے کیسز دائر ہوئے۔ ضلع وسطی میں 2 ہزار 2 سو 71 خواتین نے خلع کیلئے عدالت سے رجوع کیا۔ ضلع ملیر میں ایک ہزار 523 خلع کے کیسز کے فائل ہوئے، ضلع غربی میں خلع کے 2 ہزار 255 کیسز دائر ہوئے، ضلع جنوبی میں 1 ہزار 625 خواتین نے خلع کے کیسز دائر کیے۔ صرف کراچی میں روزانہ کی بنیاد سے 30 سے زائد خلع کے کیسز فائل ہو رہے ہیں، جبکہ چار سال پہلے یہ شرح 16 کیسز یومیہ بنتی ہے۔