اسلام ٹائمز۔ سیکیورٹی فورسز نے رواں برس کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشتگردوں کو واصلِ جہنم کیا گیا اور سینکڑوں افراد گرفتار بھی کیے گئے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے، اس جنگ میں افواجِ پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سال 2024ء کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف 59 ہزار 775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے۔ ان کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشتگردوں بشمول خوارج کو واصلِ جہنم کیا گیا اور سینکڑوں گرفتار کئے گئے، گزشتہ 5 سالوں میں کسی ایک سال میں مارے جانے والے دہشتگردوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
دہشتگردی کے اس ناسور سے نمٹنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر169 سے زائد آپریشنز افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اَنجام دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز کے بروقت اقدامات کی وجہ سے دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دُشمن کے نیٹ ورکس پکڑنے اور دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں بھی اہم کامیابیاں ملی۔ ان کارروائیوں میں دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں بیرونی ساختہ اسلحہ وگولہٰ بارود بھی برآمد کیا گیا، ان آپریشنز کے دوران73 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔اس کیساتھ ساتھ دہشتگردی میں ملوث 27 افغان دہشتگردوں کو سیکیورٹی فورسزنے نشانہ بناتے ہوئے جہنم واصل کیا۔