اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب کے باہر ڈیوس روڈ پر جاری دھرنے کا آج چھٹا دن ہے۔ وائس چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی اور صوبائی صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی کی قیادت میں دھرنا جاری ہے۔ اس موقع پر علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ موسوی سمیت دیگر علمائے کرام اور عمائدین ملت بھی موجود ہیں۔ دھرنے میں نماز ظہرین ٹھیک 12:30 پر ادا کی جائے گی۔
اس حوالے سے ترجمان ایم ڈبلیو ایم پنجاب کا کہنا ہے کہ جب تک پارا چنار کے مظلوم عوام کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔ گزشتہ شب بھی دھرنے میں مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا تھا۔ دھرنے میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور پارا چنار کے مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔ گزشتہ شب دھرنے میں علامتی جنازے رکھ احتجاج کیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ ہم اپنے قائدین کے حکم پر یہاں بیٹھے ہیں اور اس وقت تک یہاں سے نہیں جائیں گے جب تک پارا چنار کے راستے کھول کر وہاں امن و امان یقینی نہیں بنایا جاتا۔