اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے کئی بار مذاکرات ہوئے، اسٹیبلشمنٹ مذاکراتی ٹیم کو فیسلیٹیٹ بھی کررہی ہے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ سیاسی دہشت گردی کیا ہوتی ہے؟ 26 نومبر کو ہمیں مارا گیا، 26 نومبر کو کیا ہوا سب جانتے ہیں، ہمیں سیاسی دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے، موجودہ وقت ایسے بیانات کا نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بہت سارے عناصر ہیں جو نہیں چاہتے کہ توپوں کا رخ اداروں کی طرف ہو، ہماری کوشش ہے کہ اداروں کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل خوش آئند ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ان بیانات سے مذاکرات پر کوئی اثر پڑنا چاہیے، باہر بیٹھے بعض لوگ ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں، بہت سے لوگ پی ٹی آئی کی صف میں شامل ہوکر گالم گلوچ کرتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی ایسے عناصر سے لاتعلقی کا اظہار کرچکے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ ان لوگوں کے بیانات کی قیمت پاکستان میں موجود پی ٹی آئی کےلوگوں کو چکانی پڑتی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ چیزیں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں، ہوش کے ناخن نہ لیے، معیشت کو درست سمت گامزن نہ کیا تو سب اکٹھے کھائی میں گریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے کئی بار مذاکرات ہوئے، اسٹیبلشمنٹ مذاکراتی ٹیم کو فیسلیٹیٹ بھی کررہی ہے، مذاکرات کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی بہت مثبت ہیں۔