اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر و سربراہ قومی مرکز علامہ محمد آصف حسینی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پاراچنار میں ہمارے جوانوں، بچوں، خواتین اور بیماروں کو شہید کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں علمدار روڈ شہداء چوک پر مظلومین پاراچنار کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ آصف حسینی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ہم سیکیورٹی اداروں کو اسی لئے ٹیکس دیتے ہیں تاکہ وہ ہمارا دفاع کرے۔
انہوں نے کہا کہ جب ریاست کچھ ہی کلو میٹر کے راستے کو کلئیر نہیں کرسکتی تو ہم یہ کس کی ناکامی سمجھے۔ پاراچنار سے کچھ فاصلے پر تکفیری دہشتگردوں کو ریاست گرفتار نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کو شہید کیا گیا۔ ہمارے بچوں کے منہ میں گولی ماری گئی۔ ہمارے بیماروں کے ایمبولینس کو روک کر شہید کیا گیا لیکن ریاست خاموش تماشائی بن کر مزید ہماری نسل کشی کے انتظار میں ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر نے کہا کہ پاراچنار کی کشیدہ صورتحال کے حل کے لئے قائدین کا جو بھی حکم ہوگا، ہم اس پر عمل پیرا ہوں گے۔