اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے رہنما و میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکیں بند کرنے والے مزار قائدؒ کے ساتھ خالی میدان میں پُرامن احتجاج کرلیں۔ عزیز بھٹی پارک میں اربن فاریسٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے حوالے سے مذہبی جماعتوں سے مذاکرات چل رہے ہیں، میں پُرامن احتجاج کے حق میں ہوں، لیکن احتجاج کی آڑ میں لوگوں کو تکلیف دینا درست نہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور ڈائریکٹر جنرل پارکس سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدلتا ہوا کراچی، بلاول بھٹو کا کراچی ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مظاہرین نے ناصر شاہ کو بتایا کہ ہم پُرامن احتجاج کر رہے ہیں، میں پُرامن احتجاج کے حق میں ہوں، لیکن احتجاج کی آڑ میں عوام کو تکلیف دینا درست نہیں، ایمبولینسوں اور پولیس کی گاڑیوں کا راستہ بھی رک رہا ہے۔