اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے سرینگر میں آج بھی غیر ملکی سیاحوں نے تازہ برفباری کا خوب لطف اٹھایا۔ آج صبح سے ہی مختلف جگہوں پر سیاح برفباری کا لطف اٹھاتے دیکھے گئے۔ اس دوران سرینگر کے تاریخی گھنٹہ گھر میں صبح سے ہی درجنوں غیر ملکی سیاح سیلفی کے ساتھ محظوظ ہوتے دیکھے دئے۔ زیادہ تر سیاح اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ برف باری کا مزہ لیتے ہوئے دیکھے گئے۔ اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کئی سیاحوں نے کہا کہ ہماری زندگی کا خواب تھا کہ ہم وادی کشمیر میں برفباری دیکھیں اور ہم کافی خوش ہیں۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ برف باری کے موقعے پر کشمیر آنے سے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ایسا نظارہ کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملتا۔
سیاح برف باری کے درمیان کچھ جگہوں پر مزہ لے رہے ہیں لیکن دوسری جگہوں پر پریشانی بھی ہو رہی ہے۔ کشمیر میں برف کی چادر پھیل گئی ہے۔ اننت ناگ سے بارہمولہ تک برف پڑی ہے۔ سیاح اس موسم کو بہت خوشگوار محسوس کر رہے ہیں۔ نئے سال سے قبل سیاحوں کی بڑی تعداد کشمیر کے مختلف علاقوں میں برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے پہنچی ہے، لیکن یہ برف باری اب سیاحوں کے لئے آفت بن چکی ہے۔ برف باری اتنی شدید ہے کہ گاڑیاں چل نہیں رہی ہیں۔ سیاح ہر طرف پھنس گئے ہیں۔ وہ رات سڑکوں پر گزارنے پر مجبور ہیں۔ ایسے میں کشمیری ان کے لئے فرشتے بن رہے ہیں۔ کشمیری عوام سیاحوں کی مدد کے لئے کل سے ہی پیش پیش رہے۔