اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر نے دارالحکومت صنعاء و الحدیدہ میں شہری و خدماتی مراکز اور ملکی انفراسٹرکچر کے خلاف انجام پانے والے صیہونی حملوں کی مذمت کی ہے۔ یہ بیان کرتے ہوئے کہ یہ حملے غاصب صیہونی رژیم کے جرائم کی سطح کو ظاہر کرتے ہیں، انصاراللہ یمن نے واضح کیا کہ دشمنانہ حملے ہمیں غزہ و فلسطینی عوام اور انکی دلیر مزاحمت کی حمایت جاری رکھنے سے ہرگز روک نہیں پائیں گے۔ انصار اللہ کے دفتر نے قدس شریف اور جہادِ موعود کے راستے میں شہید ہونے والے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے تاکید کی کہ ہماری مسلح افواج اس جارحیت کا فوری جواب دینے اور کشیدگی کے مقابلے میں کشیدگی کو تیار ہیں اور اس سلسلے میں عقب نشینی اختیار نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ غاصب صہیونی فوج نے گذشتہ شام، یمنی صوبہ الحدیدہ و الصلیف بندرگاہ کے ساتھ ساتھ صنعاء کی بین الاقوامی ایئرپورٹ کو بھی اپنے ہوائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔