اسلام ٹائمز۔ ادارہ الزہراء (س) ٹرسٹ شالنہ کشمیر میں عظیم الشان جشن مادر مہربان حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کے حوالے سے ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں علاقہ بھر سے خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کی عظیم شخصیت، ان کی سیرت اور خدمات کو اجاگر کرنا تھا، جنہوں نے اپنی زندگی کو اسلام کی ترویج، انسانیت کی خدمت اور بالخصوص خواتین کے حقوق کے لئے وقف کر دیا۔ اس موقع پر بچوں نے اپنی ماؤں کی قدردانی اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے اجتماعی طور پر انہیں ہدیہ پیش کیں۔ یہ عمل اس بات کا غماز تھا کہ موجودہ نسل حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کی تعلیمات اور ان کے مقام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنی ماؤں کی محبت، قربانیوں اور خدمات کو اہمیت دیتی ہے۔
پروگرام کے دوران بچوں نے مختلف تقاریر اور دینی موضوعات پر روشنی ڈالی۔ جن میں حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کی سیرت پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ اس کے بعد ادارہ الزہراء (س) ٹرسٹ شعبہ خواتین کی مسئول محترمہ محمودہ جی نے سامعین سے خطاب کیا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں حضرت فاطمۃ الزہرا (س) کی سیرت اور ان کے نقش قدم پر چلنا ہی انسانیت کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہرا (س) کی زندگی میں ہمیں ایمانداری، صبر، قربانی، اور انسانیت کی خدمت کا درس ملتا ہے۔ محترمہ محمودہ جی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج کے دور میں خواتین کو حضرت فاطمہ الزہرا (س) کی سیرت سے سبق حاصل کرنا چاہیئے، تاکہ وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ معاشرتی سطح پر بھی مثبت تبدیلی لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہرا (س) کی تعلیمات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ کس طرح ہم اپنی ذاتی زندگی، خاندان اور معاشرے میں توازن قائم رکھ سکتے ہیں۔