اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے بصورت دیگر جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج کا آغاز کرے گی، عوام کال پر تیار رہیں۔ فیصل آباد میں اجتماع ارکان سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے منصورہ آ کر جماعت اسلامی کی قیادت کو آئی پی پیز معاہدوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ہم نے انھیں واضح طور پر بتا دیا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع محبوب الزماں بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایک اور سوال پر امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم فارم 47کی پیداوار ہیں۔ عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہونے والے وزیراعظم نے تو ابھی تک عہدہ ہی نہیں سنبھالا۔ جوڈیشل کمیشن بن جائے اور فارم 45منگوا لیے جائیں تو موجودہ حکومت فارغ ہو جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ نوازشریف کی شکایتیں درست نہیں، ان کے بھائی وزیراعظم اور بیٹی وزیراعلی ہیں اور وہ خود ہارے ہوئے تھے تاہم ستر ہزار جعلی ووٹ ڈلوا کر انھوں نے سیٹ قبول کر لی۔ نوازشریف تب شکوہ کریں اگر وہ جعلی طور پر جیتی ہوئی سیٹ قبول نہ کرتے۔ تین دفعہ وزیراعظم رہنے والے شخص کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جس روز پیپلزپارٹی نے جماعت اسلامی کی کراچی میئر کی سیٹ جعلی طریقے سے ہتھیا لی، بلاول بھٹو زرداری کی وزارت عظمی کا جہاز اسی روز ٹیک آف ہونے سے قبل ہی کریش ہو گیا، اب وہ وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ انھوں نے کہا کہ ملک مخالف پروپیگنڈہ میں ملوث کسی بھی شخص بھلے اس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ملک نظریہ کی بنیاد پر بنا اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، اگر کسی کو اداروں، عدلیہ یا حکومت سے شکایت ہے تو وہ جمہوری طریقہ اور عوامی سپورٹ کے ذریعے اس کا ازالہ کرائے۔