اسلام ٹائمز۔ غزہ کی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی میں 77 فلسطینی شہریوں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے فلسطینی شہداء کی تعداد میں اضافے کی خبر دی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت نے آج (جمعہ) دوپہر کو اعلان کیا کہ صیہونی فوج نے غزہ کی پٹی میں مزید تین گروہی قتل عام کیے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، فلسطین میں 441 دن کے دوران جاری جنگ کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں 77 فلسطینی شہید ہوئے اور 174 دیگر زخمی ہوئے۔
وزارت صحت غزہ نے اعلان کیا کہ 15 اکتوبر 2023 سے اب تک شہداء کی تعداد 45,206 تک پہنچ چکی ہے اور زخمیوں کی تعداد 107,512 ہو گئی ہے۔ اس وزارت نے یہ بھی کہا کہ شہید ہونے والے فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد ابھی تک ملبے تلے دبی ہوئی ہے۔ غزہ کی پٹی ایک سال سے زیادہ عرصے سے صیہونی فوج کے محاصرے میں ہے اور صہیونی رژیم نے اس علاقے کے متعدد اہم بنیادی ڈھانچوں کو تباہ کر دیا ہے۔ جبکہ غزہ کے عوام کو خوراک اور ادویات کی سخت ضرورت ہے، اسرائیل صرف محدود مقدار میں انسانی امداد کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے، وہ بھی انتہائی سخت جانچ پڑتال کے بعد۔