اسلام ٹائمز۔ یمنی عوام نے دارالحکومت صنعاء کے السبعین اسکوائر میں ایک بار پھر لاکھوں کی تعداد میں جمع ہو کر غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس حوالے سے یمنی خبررساں ایجنسی سبا نیٹ کا لکھنا ہے کہ سبعین اسکوائر عوام کے جم غفیر سے بھرا ہوا تھا جو ہاتھوں میں ہتھیار اور جہادی پرچم اٹھائے چاروں طرف سے وہاں امڈ آئے تھے اور "مزاحمت" و "پائیداری" کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دنیا بھر کی جارح و استکباری طاقتوں؛ امریکہ، اسرائیل اور ان کے حواریوں کے خلاف "پوری قوت سے جواب" دیئے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سبا نیٹ نے مزید لکھا کہ ملین ہا کی تعداد میں یمنی عوام کے خروج نے غزہ و فلسطین کی حمایت پر مبنی یمنی رہبر انقلاب و فوج کے موقف کی مضبوطی پر مہر اثبات لگا دی اور ثابت کر دیا کہ کوئی جارحیت و استکباری طاقت یمن کو؛ غزہ پر جارحیت کے بند اور اس کے محاصرے کے ختم ہو جانے سے قبل، غاصب و سفاک صیہونی رژیم اور اس کے مفادات کو نشانہ بنانے پر مبنی اس کے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی!
اس موقع پر یمنی عوام نے رہبر انقلاب یمن کے ساتھ اپنی وفاداری اور امریکہ و اسرائیل سمیت استکباری طاقتوں کے کسی بھی جارحانہ اقدام کے بھرپور مقابلے نیز یمنی عوام و امت اسلامیہ کے خلاف ان کے کسی بھی مجرمانہ منصوبے و سازش کو ناکام بنا ڈالنے کو اپنی مکمل تیاری پر زور دیا اور "جو ہمیں نہیں جانتا وہ ہمیں جان لے گا... ہم اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے"، "ہم اسرائیل کی تباہی ہیں"، "اے صیہونیو! ہم تمہیں جنگ کی دعوت دیتے ہیں"، "ہم مزید سخت اقدامات کی جانب بڑھیں گے" اور اسی جیسے دوسرے نعرے لگائے۔ اس مظاہرے کے شرکاء نے مسلح و چوکنا رہنے، غزہ و مزاحمتی مجاہدین کی مکمل حمایت اور یمن و امت اسلامیہ کی دشمنوں پر فتح کے حصول تک "معركة الفتح الموعود و الجهاد المقدس" (فتح موعود و مقدس جہاد کی جنگ) کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق آج دارالحکومت صنعاء سمیت یمنی نیشنل سالویشن گورنمنٹ کے زیر کنٹرول تمام صوبوں میں بھی غزہ اور یمنی مسلح افواج کی حمایت میں وسیع اجتماعات و زبردست مظاہرے دیکھنے میں آئے۔