اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ متحدہ عرب امارات کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے 53ویں قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ متحدہ عرب امارات خوشحالی اور ترقی کی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، مشکل وقت میں یو اے ای کی امداد اور تعاون کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں یو اے ای نے اہم کردار ادا کیا، آئی ایم ایف پروگرام میں تعاون پر بھی مشکور ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان یو اے ای کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت کرے گا، پاکستان کے لیے ویزا کی بحالی پاکستانیوں سے محبت کی عکاس ہے۔