اسلام ٹائمز۔ گورنر ہاوس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان سنی تحریک کے صدر حافظ ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے قانون پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مشاورت کر کے قابل عمل حل تلاش کرنا ہوگا، جبکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیاں ملکی سالمیت کیلئے ہیں، جنہیں ہر پاکستانی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ علماء کرام کی مدارس کی رجسٹریشن کے قانون پر تجاویز صدر مملکت آصف علی زرداری تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب کا عقیدہ ختم نبوت کا دفاع اور عشقِ مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اظہار بہت اعلی وارفع عمل ہے، جبکہ گورنر مدارس رجسٹریشن قانون پر حکومت اور علماء کرام کے درمیان پل کا کردار ادا کریں۔