اسلام ٹائمز۔ شام کے شورشی گروپ تحریر الشام کے رہنما ابومحمد الجولانی نے ایک برطانوی جریدے کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ وہ کبھی بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ شام کو اسرائیل کے خلاف حملے کا مقام بنایا جائے۔ فارس نیوز کے مطابق شامی شورشی گروپ کے رہنما نے پہلے بھی اسرائیل کے شام پر وسیع پیمانے پر حملوں اور اس کے ملک کے کچھ حصوں کو قبضے میں لینے کے بارے میں سوالات کے جواب میں کہا تھا کہ وہ مزید جنگ نہیں چاہتے۔
بشار اسد کے نظام کے سقوط کے بعد، صیہونی افواج نے 400 ہوائی حملوں کے دوران شام کے تمام دفاعی اور فوجی انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا اور ملک کے اندر پیش قدمی کرتے ہوئے دارالحکومت کے قریب پہنچ گئیں۔ اس کے باوجود، شام کے شورشیوں نے ابھی تک صیہونی فوجی ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی طرف ایک گولی تک نہیں چلائی ہے اور اس حوالے سے ان کا کوئی موقف نہیں ہے۔