اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء سردار لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت گھٹنے ٹیک چکی تھی اور عمران خان کی رہائی پر تیار تھی، رکاوٹ تب آئی جب کہا گیا کہ رہا کر دیں گے، ہمارا مطالبہ فوری رہائی کا تھا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ بیچ میں کچھ لوگوں نے تخریب کاری کرکے معاملات خراب کر دیئے۔ تحریک ایسے ختم نہیں ہوتی کہ تشدد کرکے اٹھا لیا، ابھی تو ہم گئے ہی نہیں، تحریک جاری ہے، اسلام آباد بھی آئیں گے اور ہماری حکومت بھی ہوگی۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ بڑھکیں مارتے تھے کہ کوئی ڈی چوک آکر دکھائے، اتنے زیادہ ناکوں کے بعد بھی لوگ اسلام آباد پہنچے۔ وزیراعلیٰ کے پی نے شہید کارکنوں کے اہلخانہ کو ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی شہادت پر ایف آئی آر درج کرائیں گے، کوشش ہوگی ہم ایف آئی آر خیبر پختونخوا میں درج کرائیں، ہمیں علم ہے کہ اسلام آباد میں ہماری ایف آئی آر کوئی درج نہیں کرے گا۔