0
Wednesday 27 Nov 2024 12:40

ریاست کی عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہو گا، انوارالحق

ریاست کی عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہو گا، انوارالحق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ ریاست کی عوام کے ٹیکس کا پیسہ صرف اور صرف عوام پر ہی خرچ ہو گا، حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، ہیلتھ پیکج کی بدولت صحت سے منسلک مسائل کا خاتمہ ہو گا، موجودہ حکومت نے میرٹ کو فروغ دیا ہے، انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، حکومت ٹورازم کے فروغ کے لیے بھی کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ حکومت شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، عوام کے ٹیکسز کا پیسا عوام پر خرچ ہو گا، سستی بجلی اور سستا آٹا موجودہ حکومت کے بڑے اقدامات ہیں جن کی نظیر خطہ میں کہیں اور نہیں ملتی۔ چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ کیپٹل مظفرآباد کے لیے 36 کروڑ کا کلین مظفرآباد پراجیکٹ منظور کر لیا گیا ہے جس سے مظفرآباد شہر کو پرکشش بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر سپلائی سکیم منظور ہو چکی ہے، حکومت دارالحکومت کو کیپٹل کی طرز پر دیکھنا چاہتی ہے تاکہ باہر سے آنے والے لوگ ایک اچھا تاثر لیں، موجودہ حکومت کفایت شعاری کو فوقیت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے این ٹی ایس کے ذریعے 3000 کے قریب نوجوانوں کی میرٹ پر تقرریاں کی ہیں، پبلک سروس کمیشن کو فعال کیا ہے، رٹھوعہ ہریام جیسے قومی نوعیت کے منصوبہ جات سے عوام کو سفری سہولیات میں آسانی ملی گی، انفراسٹرکچر کی بہتری موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ٹورازم کے فروغ سے مقامی آبادی کو روزگار میسر آئے گا، انفراسٹرکچر اور ٹورازم لازم و ملزوم ہیں جن کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، ہیلتھ یونٹس کو موثر بنانے کے لیے ہیلتھ پیکج کے ذریعے صحت سے منسلک مسائل کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر اور خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لے۔
خبر کا کوڈ : 1175130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش