اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں مسلسل کشیدہ حالات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد محمود سندھو نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں صورتحال انتہائی خراب ہے، تقریباً علاقے میں ریاست کی رٹ ختم ہو چکی ہے، عوام کے مال جان اورعزت و آبرو کا تحفظ ختم ہو چکا ہے، ملک خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی، اور مرکزی حکومت اور صوبائی حکومت اپنے سیاسی جھگڑوں میں مصروف ہیں اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، افسوس ناک امر یہ ہے کہ نہ وزیراعظم ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار ہیں، نہ وزیراعلیٰ، نہ گورنر اور نہ ہی صدر ذمہ د اری لینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت اپنی قوم کو تحفظ نہیں دے سکتی تو انہیں حکومت کرنے کا بالکل حق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حالات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، یہ واقعات ملک اور اسلام دشمن عناصر کی کارستانی ہیں، ہم ان واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات تشویشناک ہیں۔ حکومت کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے تدارک اور عوام کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے، اس قسم کے واقعات پر حکومت اور ریاستی ادارے فوری نوٹس لیں اور امن و امان قائم کروائیں۔ ان حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی ذمہ داری کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ذاتی اور جماعتی مفادات کو کچھ وقت کیلئے ایک طرف رکھ کر ملکی سلامتی اورعوام کے مجموعی مفاد کو ترجیج دینا ہوگی۔