0
Monday 25 Nov 2024 12:28

پنجاب بھر سے 10 ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

پنجاب بھر سے 10 ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان اور قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں نااہل حکومت کا دھڑن تختہ ہونیوالا ہے، مریم کی حکومت نے پولیس کو پرو پولیٹکل فورس بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء حکومت کے نہیں، فسادیوں کے وزراء ہیں، پنجاب حکومت کے بدترین کریک ڈاؤن کے باوجود بہت بڑی تعداد اسلام آباد پہنچی، انہوں نے میڈیا پر مکمل بلیک آوٹ کیا ہوا ہے، حقیقت کچھ اور ہے اور دکھایا کچھ اور جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے میں چار، چار پریس کانفرنسیں کرنیوالے حکومتی وزراء کے اوسان خطا ہو چکے ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عطاء تارڑ کونسلر نہیں بن سکتے، مگر فارم 47 کی وجہ سے انہیں بھی وزیر بنا دیا گیا۔ کسی تحریک انصاف کے رہنما نے گرفتاری کی پیش کش نہیں کی بلکہ چیلنج کیا کہ گرفتار کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اہلسنّت جامعہ رضویہ فیصل آباد میں پولیس گردی فسطائیت کی بدترین مثال ہے، علماء و طلباء کو ہراساں کیا گیا۔ میری گرفتاری کیلئے میرے دفتر اور رہائش گاہ پر پولیس تعینات کی گئی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی گروپ نہیں صرف عمران خان گروپ ہے۔ مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے کہ وہ حقائق کو مسخ کرتی ہے۔ پرتشدد سیاست اور انتقامی سیاست کے رویوں کی مذمت کرتا ہوں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ملک میں معیشت کا ستیاناس تحریک انصاف  نے نہیں مسلم لیگ ن کی حکومت نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر سے 10ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پنجاب میں شدید ترین کریک ڈاؤن کرکے اور راستے بند کرکے کہا جا رہا ہے کہ احتجاج کیلئے لوگ نہیں نکلے۔ قوم اب جاگ چکی ہے۔ مسلم لیگ ن کی چال بازیوں سے قوم واقف ہے۔ 9 مئی کے واقعہ کی اصل ذمہ دار مریم نواز اور نواز شریف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1174681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش