0
Sunday 24 Nov 2024 21:48

اترپردیش کے ضلع سنبھل میں جامع مسجد سروے کے دوران ہنگامہ، 3 افراد ہلاک

اترپردیش کے ضلع سنبھل میں جامع مسجد سروے کے دوران ہنگامہ، 3 افراد ہلاک
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل میں جامع مسجد میں عدالت کے حکم پر کئے جانے والے سروے کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے نام نعمان، بلال اور نعیم ہیں۔ واقعے کے دوران دو خواتین سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین چھت سے پتھراؤ کر رہی تھیں۔ پولیس سب انسپکٹر وکاس نروال نے بتایا کہ صبح کے وقت تقریباً 300 افراد پر مشتمل ہجوم جمع تھا، جنہوں نے پولیس کو نشانہ بنایا۔ اس ہنگامے میں سب انسپکٹر کے پیر میں بھی چوٹ آئی۔ رپورٹ کے مطابق ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب عدالت کے حکم پر سروے ٹیم جامع مسجد پہنچی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقامی افراد نے پتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے آگ زنی بھی کی، جس سے کئی گاڑیاں جل گئیں۔ ایس پی کرشن کمار نے کہا کہ پتھراؤ اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف بشمول این ایس اے کے تحت مقدمات اور سخت کارروائی کی جائے گی۔

صورتحال کو قابو کرنے کے لئے مرادآباد کے ڈی آئی جی منی راج اور بریلی زون کے اے ڈی جی رمیت شرما کو موقع پر تعینات کیا گیا۔ اس کے علاوہ پی اے سی کی تین کمپنیاں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔ سروے کا عمل صبح ساڑھے سات بجے شروع ہو کر دس بجے مکمل ہوا۔ ایڈووکیٹ کمشنر نے جامع مسجد کا سروے مکمل کر لیا، جس کی ویڈیوگرافی اور فوٹوگرافی کی گئی۔ رپورٹ 29 نومبر کو عدالت میں پیش کی جائے گی۔ ہندو فریق نے دعویٰ کیا کہ یہ مسجد ایک قدیم ہندو مندر کے مقام پر بنائی گئی ہے، جس پر عدالت نے دوبارہ سروے کا حکم دیا تھا۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت اور انتظامیہ کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو بار سروے کرانے کا مقصد انتخابات سے توجہ ہٹانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1174522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش