اسلام ٹائمز۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وضاحت کی ہے کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں فی الحال موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ معطل کرنے سے متعلق غور نہیں کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے جلسے سے متعلق میڈیا پر ذرائع سے یہ خبریں چل رہی ہیں کہ حکومت نے 23 نومبر سے اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے 22 نومبر سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹو کر دی جائے گی جس سے انٹرنیٹ سست ہو جائے گا اور صارفین کو سوشل میڈیا ایپلی کیشن استعمال کرنے میں مشکلات ہوں گی۔ پی ٹی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اتھارٹی اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فی الحال موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ معطل کرنے سے متعلق غور نہیں کر رہا ہے۔