0
Thursday 21 Nov 2024 09:46

کشمیری بچے اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں، غلام محمد صفی

کشمیری بچے اقوام متحدہ کے چارٹر میں در ج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں، غلام محمد صفی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ کشمیری بچے اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دن کشمیری بچوں کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج تمام بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی کم سن بچوں کے ساتھ زیادتی اور ناروا سلوک کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق اور بچوں کے تحفظ کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیری بچوں کو بھارتی تشدد سے بچائیں۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارتی فوجی نہ صرف معصوم بچوں کو گرفتار کرتے ہیں بلکہ انہیں جنگی ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ تین دہائیوں میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں متعدد بچوں کے والدین کو جعلی مقابلوں اور جیلوں میں بے دردی سے شہید کیا ہے۔ کشمیری بچوں پر تشدد، ظلم اور بربریت بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جسے بھارتی فورسز کے اہلکار انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ہزاروں کشمیری بچوں کو یتیم، سینکڑوں کو پیلٹ گنوں کی فائرنگ سے زندگی بھر کیلئے معذور اور نابینا بنا دیا گیا جبکہ ہزاروں بچوں کے والدین کو گرفتاری کے بعد غائب کر کے انہیں بے سہارا کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1173840
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش