اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومت کوئی بھی پروپیگنڈا کرے 24 نومبر کو احتجاج ہو گا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ عمران خان کی انسداد دہشت گردی کے کیسز میں ضمانت تک رہائی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی بھی پروپیگنڈا کرے 24 نومبر کا احتجاج ہو گا، علی امین گنڈاپور احتجاج کو لیڈ کریں گے، آج کی ملاقات اس لیے ہوئی کل کی ملاقات میں تشنگی رہ گئی ہوگی۔
سینیٹر فیصل واوڈا کے رویے کے حوالے سے سوال پر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ کہ فیصل واوڈا غصے میں باتیں کرتے رہتے ہیں، انہیں میں کیا جواب دوں۔سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف نے کہا کہ اسلام آباد کا احتجاج موخر نہ معطل ہوگا۔ کچھ قوتیں نہیں چاہتی کہ ملک میں استحکام ہو، چند عناصر ملک میں انتشار چاہتے ہیں۔ آخر میں عمران خان کی اہلیہ کے متعلق سوال کا اپنے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے صرف بانی کا پیغام پارٹی تک پہنچایا،وہ احتجاج کی قیادت نہیں کریں گی۔