اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے سابق وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اپنی سیاسی بقا کو یقینی بنانے کے لئے ''ایک اور ہولوکاسٹ کی وقوع پذیری سے متعلق پھیلائے جانے والے جھوٹے خدشات'' سے بھرپور فائدہ اٹھا رہا ہے۔
صیہونی اخبار اسرائیل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نیتن یاہو خود کو عوام کے نجات دہندہ کے طور پر پیش کرتا اور ایران کے بارے نئے نئے خدشات کو ہوا دے کر تمام اسرائیلیوں کو خوفزدہ کر دینے کی کوشش میں رہتا ہے۔ ایہود اولمرٹ نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو کے قانونی مسائل اور اس کے دفتر سے متعلق سکیورٹی مقدمات سمیت دیگر حساس تحقیقات بالآخر پورے اسرائیل کو ''بریکنگ پوائنٹ'' کی جانب لے جائیں گی۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں سابق غاصب صیہونی وزیراعظم کا کا کہنا تھا کہ کسی خاص موڑ پر، یہ تمام بھاری مسائل ایک دوسرے کے اوپر ڈھیر ہو جائیں گے جس کے بعد صرف ایک معمولی سی ضرب کی ضرورت ہو گی تاکہ مسائل کا یہ عظیم ڈھیر ہر چیز کو اپنے ساتھ بہا لے جائے!