اسلام ٹائمز۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی نے لبنانی حکام سے نقل کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ امریکی سفیر لیزا جانسن نے لبنانی عبوری وزیر اعظم نجیب میقاتی اور ملکی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے ساتھ ملاقات میں "13 نکاتی امریکی تجویز" پیش کی ہے۔
اے ایف پے کے مطابق اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر مذکورہ لبنانی اعلی اہلکار نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسرائیل نے اب تک اس تجویز کا کوئی جواب نہیں دیا، دعوی کیا ہے کہ نبیہ بری نے اس تجویز کی شقوں کا جائزہ لینے اور اس کا جواب دینے کے لئے 3 دن کی مہلت طلب کی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق مذکورہ لبنانی عہدیدار نے اس تجویز کی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا تاہم کہا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو، امریکہ و فرانس اپنے ایک بیان میں جنگ بندی کا اعلان کریں گے اور اس صورت میں 60 دن کی جنگ بندی شروع ہو جائے گی اور لبنان اپنی افواج کو سرحدوں پر تعینات کر دے گا۔