اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کے لیے آنے والا ایک ایک روپیہ عوام کی فلاح پر خرچ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزراء جو ہمیشہ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں رہتے ہیں ان کی توقیر میں اضافہ ہوتا ہے سیاسی کارکن کی یہی پہچان ہے کہ وہ کسی بھی جماعت کا ہو اپنے عوام کی بہتری کی سوچ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے لیے سستی بجلی اور سستے آٹے سمیت تمام اشیاء کو غریب کی پہنچ میں لا رہے ہیں، ریاست کے پاس وسائل محدود ہیں اس کے باوجود میں اور میری ٹیم عوام کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، یہ آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں افراتفری کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے آزادکشمیر کے مسائل ترجیحات میں شامل ہیں، پونچھ، نیلم، کوٹلی، میرپور، حویلی، باغ، عباسپور، سدھنوتی کے دوروں کے دوران عوام سے انٹرکشن کا موقع ملا، جائزہ اجلاسوں کے دوران سول ایڈمنسٹریشن اور عوام سے اصل حقائق معلوم کئے، سیاسی نمائندگان ہمارے لیے قابل احترام ہیں ان کی رائے کا احترام کریں گے ان کے مسائل میرے مسائل ہیں۔ سردیوں میں خاص کر لائن آف کنٹرول کے علاقوں کا خاص خیال رکھیں گے، موجودہ حکومت پوری کوشش کرے گی کہ جو علاقے پسماندہ رہ گئے ہیں ان کو ترجیحات میں شامل کر کے ان کی تعمیروترقی ممکن بنائے، آزاد کشمیر شہداء اور غازیوں کی سر زمین ہے یہاں کے غیور عوام نے تحریک آزادی کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ان کے مسائل ریاست اس لیے ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی پابند ہے کہ یہ لوگ تحریک آزادی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور انہوں نے تحریک کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا۔