اسلام ٹائمز۔ شامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع الزینبیہ کے علاقے پر حملہ کیا ہے جس کے بعد کئی ایک دوسرے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں تاہم مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ جانی و مالی نقصانات سے متعلق اعدادوشمار حتمی نہیں۔ اس بارے شامی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا (SANA) کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے اس حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد اب تک 5 ہے جبکہ 8 زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غاصب اسرائیلی رژیم کے لڑاکا طیاروں نے مذکورہ حملے میں گنجان آباد علاقے الزیبنبیہ کی ایک کئی منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا درحالیکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ عمارت مکمل طور پر سویلین ہے اور اس کا کوئی فوجی استعمال نہیں۔
ادھر روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک نے بھی خبر دی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے لڑاکا طیاروں نے مقبوضہ گولان کی فضائی حدود سے زینبیہ کے خلاف ہوا سے زمین پر مار کرنے والے متعدد میزائل داغے ہیں جبکہ ان حملوں میں زینبیہ سمیت اس کے اطراف کے کئی ایک دوسرے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا تاہم شامی ہوائی دفاعی نظام نے کئی ایک حملہ آور میزائلوں کو ہوا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔