اسلام ٹائمز۔ لبنان کے وزیر خارجہ "عبدالله بو حبیب" نے ریاض میں عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ و سربراہی اجلاس سے قبل عرب ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لبنان، اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد چاہتا ہے۔ انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ ہم اپنے ملک کے جنوب میں فوج کی تعیناتی کو مستقل بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اس سلسلے میں ہماری حکومت نے تقریباََ 1500 فوجی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبدالله بو حبیب نے کہا کہ آج لبنان کو ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے وسیع حمایت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن دستے "
UNIFIL" سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان پر صیہونی فوج کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آخر میں لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل ہماری خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزی کی وجہ سے آئندہ کسی بھی جنگ میں حصہ دار ہو گا۔ ہمیں چاہئے کہ ایک وسیع جنگ کو روکنے کے لئے اپنے اقدامات کو تیز کریں۔