اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور اس نے مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ ذرائٰع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے لیکن بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے موجودہ حالات میں عالمی فورموں پر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے بارے میں موثر انداز میں آواز اٹھائی جائے گی اور دنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا جائے گا۔ انجینئر امیر مقام نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر پاکستان کی مکمل سیاسی اور سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔