اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ملکی سسٹم ہمارے ورکرز کو خوفزدہ کرنے کی کوشش میں بے نقاب ہو گا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہمارے بہت سارے ورکرز گرفتار کرلیے گئے تھے، ہم پرامن تھے، پرامن احتجاج ہمارا حق ہے، ہم پر فسطائیت اور شیلنگ کی گئی، ربڑ بلٹ اور ہر طرح کے حربے ہم پر استعمال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز نے بھی بھرپور مقابلہ کیا، ہمارے سرکاری لوگ جو ڈیوٹی کررہے تھے انہوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا، ہمارے 99 فیصد گرفتار ورکرز رہا ہوگئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جو سرکاری لوگ رہ گئے ہیں ان کی 5 تاریخ کو پیشی ہے، وہ بھی رہا ہوجائیں گے، حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرکے ایک سے دوسرے تھانے میں پرچے دیئے۔ علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے، 9 مئی سے لیکر اب تک پی ٹی آئی کے خلاف ایک سلسلسہ شروع ہے، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، بشریٰ بی بی رہا ہوئی ہیں، ملکی سسٹم نے لوگوں پر خوف ڈالنے کی کوشش کی تھی، لیکن بے نقاب ہوچکا ہے۔