0
Tuesday 15 Oct 2024 22:18

یتی نرسنگھانند کو غداری کیس کے تحت گرفتار کیا جائے، مظاہرین

یتی نرسنگھانند کو غداری کیس کے تحت گرفتار کیا جائے، مظاہرین
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست کرناٹک کے بھٹکل شہر کے قومی سماجی ادارہ ’مجلس اصلاح و تنظیم‘ کی قیادت میں آج بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد (ص) کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے والے یتی نرسنگھانند سرسوتی کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرتے ہوئے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ تنظیم کے دفتر میں مولانا الیاس ندوی نے احتجاجی مظاہرے کے تعلق سے اخبار نویسوں کو تفصیلات فراہم کیں۔ شام کو منی ودھان سودھا کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاج کرتے ہوئے یہ واضح پیغام دیا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد (ص) کے خلاف کوئی بھی توہین آمیز بات قبول نہیں کی جائے گی۔ مظاہرے کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے چیف جسٹس آف انڈیا کو یادداشت پیش کی گئی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بھٹکل جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے کہا کہ یتی نرسنگھانند کے گستاخانہ ریمارکس نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفٰی (ص) نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں میں قابلِ احترام ہیں۔ یتی نرسنگھانند نے پیغمبر اسلام کے خلاف گستاخانہ بیان دے کر تمام مذاہب، بشمول ہندو دھرم اور اس ملک کی سالمیت کے خلاف دشمنی ظاہر کی ہے۔

جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے ریاستی سکریٹری محمد کنہی نے یتی نرسنگھانند کی بار بار قانون شکنی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یتی نرسنگھانند گزشتہ دہائی سے ملک کے امن اور ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کی نفرت انگیز تقریریں مذہبی ہم آہنگی کے لئے خطرہ ہیں اور ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی مذہبی شخصیت کی توہین نہ ہو۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شابندری نے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کو یادداشت پیش کرتے ہوئے اس معاملے کی سنگینی پر زور دیا اور کہا کہ اگر یتی نرسنگھانند کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا تو مزید بڑے پیمانے پر احتجاجات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یتی نرسنگھانند کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم ضلعی سطح پر کاروار تک مارچ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ یاداشت وصول کرنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ یاداشت کو آگے کی کارروائی کے لئے متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1166649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش