اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ان خیالات کا اظہار کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد اقبال ہاشمی اور دیگر سے ایک ملاقات میں کیا۔انہوں نے خطے میں بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں اور مظلوم کشمیریوں کی حالت زار کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔ آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ہرگز متبادل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جنہوں نے آزادی کے عظیم مقصد کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، اپنے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت سے کم کوئی چیز کشمیریوں کیلئے قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی خواہشات اور ان کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی حکومت خطے میں اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ایک ہندو وزیراعلیٰ منتخب کرانا چاہتی ہے۔