0
Wednesday 25 Sep 2024 16:00

جب تک کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر ہے صرف باہر والوں کو ہی فائدہ ملیگا، راہل گاندھی

جب تک کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر ہے صرف باہر والوں کو ہی فائدہ ملیگا، راہل گاندھی
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں حزب اختلاف کے لیڈر اور سینیئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو جموں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران جموں کشمیر کو ریاستی درجہ سے گھٹا کر یونین ٹیریٹری بنائے جانے پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ راہل گاندھی کا جموں کشمیر کا یہ دورہ اسمبلی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے دوران ہورہا ہے۔ جموں میں ریلی سے خطاب کے بعد وہ شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں بھی ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔ جموں میں راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور عوام کو مخاطب بناکر کہا ’’آپ سے آپ کے حقوق چھین لئے گئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دے گا۔

راہل گاندھی نے کہا ’’ہم نے سوچا تھا کہ آپ کو انتخابات سے پہلے ریاست کا درجہ واپس مل جائے گا، کسی دوسری ریاست کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیئے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار ریاست کو ختم کرکے یونین ٹیریٹری بنایا گیا، اگر بی جے پی آپ کو ریاستی درجہ نہیں دیتی تو انڈیا الائنس آپ کو آپ کے حقوق دے گا۔ کانگریس کے سابق صدر نے مزید کہا کہ ’’جموں ایک مرکز ہے، جو کشمیر کی پیداوار اور کاروبار کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑتا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہاں لیفٹیننٹ گورنر ہے، صرف باہر کے لوگ ہی فائدہ اٹھائیں گے اور جموں و کشمیر کے لوگ محروم ہو کر رہ جائیں گے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ اگر ہم کامیاب ہوئے تو بجلی اسمارٹ میٹر کو ختم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1162327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش