0
Wednesday 25 Sep 2024 18:17

سکردو، انجمن فلاح و بہبود و منتظمہ کمیٹی کے زیر اہتمام سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد

سکردو، انجمن فلاح و بہبود و منتظمہ کمیٹی کے زیر اہتمام سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ انجمن فلاح و بہبود بریسل اور منتظمہ کمیٹی کی جانب سے مسجد امام حسن العسکری کلفٹن پل سکردو میں ہفتہ وحدت و ولادت پیامبر رحمت حضرت محمد مصطفی (ص) اور ان کے فرزند حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت کی مناسبت سے چھٹی عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس زیر سرپرستی شیخ ذوالفقار علی انصاری منعقد ہوئی۔ نظامت کے فرائض محمد حسنین نے انجام دیئے۔ اس کانفرنس کی صدارت جامعہ قباذردیہ کے استاد آغا سید احمد حسین الحسینی نے کی۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء میں سے مولانا عبد الکریم غزالی نے اہل الحدیث جبکہ قاری غلام رسول نے اہل نوربخشیہ کی نمائندگی میں خطاب کیا۔
 
آغا سید احمد حسین الحسینی نے صدارتی خطاب میں مسلمانان عالم کو سیرت پیامبر اکرم اور امام صادق پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی اور کہا کہ ہم میں سے ہر ایک اپنے وظیفے پر عمل کرے اور خدا کے کاموں میں مداخلت نہ کریں تو کسی قسم کا اختلاف نہیں ہو گا۔ قرآن پر عمل کر کے ہم متحد ہو سکتے ہیں۔ مولانا عبد الکریم غزالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ ہمیں کہنا پڑتا ہے کہ مسلم معاشرہ تعلمیات محمدی سے دور ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں علماء کی زمہ داری بنتی ہے کہ معاشرے کو تعلیمات محمد سے آراستہ اور پیراستہ کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور امت مسلمہ میں اتحاد و و حدت کے لیے اس طرح کی کانفرنسز کا انعقاد ہو اور پیغام امن و محبت عام کیا جائے۔ 
 
قاری غلام رسول نے اپنے خطاب میں پیامبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر روشنی ڈالی اور جزوی اختلافات کو پس پشت ڈال کر مشترکات پر کام کرنے پر زور دیا اور بلتستان کے اس اتحاد واتفاق کے ماحول کو برقرار اور قائم دائم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پیامبر اکرم نرم مزاج تھے پس پیغمبر کے چاہنے والے کو بھی ایسا ہونا چاہیے۔ امام جعفر صادق کے شاگر کئی مکاتب کے امام ہیں اور علم کیماء کے مشہور سائنس دان جابر بن حیان بھی امام کے شاگرد تھے۔
 
 کانفرنس کے آرگنائزر شیخ ذوالفقار انصاری نے کانفرنس کے اہداف اور مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے لیےاتحاد و وحدت سے رہنے کا حکم قرآن نے دیا ہے لہٰذا ہر مکتب کے علماء کو اس امر کے حصول کی تلاش و کوشش کرنے کی ضرورت ہے اور معاشرے میں امن و اتحاد کے پیغام کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے درمیان سے نفرتیں اور کدورتیں دور ہوں۔ آج آغا باقر الحسینی کے حکم پر لبیک کہ کر پھیالونگ پراجیکٹ کے لیے مذہب، مکتب، علاقہ، قوم اور زبان سے بالاتر ہو کر متحد ہونے کی وجہ سے اتنا بڑا پراجیکٹ کم عرصے میں پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ اسی طرح اہل بلتستان متحد رہیں تو کوئی بھی چیز ناممکن نہیں ہے۔ اگر ہم چھوٹے چھوٹے مسائل کو لیکر کر اختلاف کرتے رہیں تو کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
 
شیخ مہدی نے بھی خطاب کرتے ہوئے سیرت معصومین کو اپنانے کی تاکید کی اور دنیا و آخرت کی سعادت مندی قرار دیا۔ اس عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس میں بلتستان کے مشہور نعت خواں اور قصیدہ خواں حضرات زوار مسلم حسین شانی، مدثر میر، راجہ طاہر، شہروز اور دیگر نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ آخر میں دعائے امام زمانہ سے کانفرنس کا اختتام کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1162368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش