0
Tuesday 24 Sep 2024 21:15

کوئٹہ پولیس قیام امن میں ناکام نظر آ رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

کوئٹہ پولیس قیام امن میں ناکام نظر آ رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں علاقوں میں حالیہ واقعات نے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رکھے ہیں۔ پولیس اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے مصلحت سے کام لیتے ہوئے مجرموں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ گزشتہ دنوں گرلز کالج گلستان ٹاؤن کی ایک طالبہ کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کے خلاف پولیس حکام ایف آئی آر درج نہیں کر رہے تھے، عوام کی جانب سے شدید ردعمل پر پولیس اہلکار اپنی ذمہ داری پوری کرنے پر مجبور ہوئے۔ اسی طرح ہزارہ ٹاؤن میں بھی گزشتہ روز ایک کمسن بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا، تاہم پولیس مجرموں کو گرفتار کرنے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔

علامہ علی حسنین نے کہا کہ ان واقعات نے کوئٹہ پولیس کی صلاحیت اور کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ عوام الناس اپنے آپ کو محفوظ تصور نہیں کرتے، جبکہ پولیس اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے کے بجائے مسائل سے جان چھڑانے کو ترجیح دے رہی ہے۔ ہم محکمہ داخلہ، آئی جی بلوچستان، ڈی آئی جی اور متعلقہ افسران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بدامنی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر پولیس کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا پابند کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بخوبی جانتی ہے کہ علاقے میں قیام امن کے لئے کون کونسے اقدامات اٹھانے چاہئے، تاہم امن کی بحالی میں سستی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ حالیہ واقعات سے علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ پولیس اور متعلقہ ادارے عوام الناس کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1162162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش