اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے لبنان میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کے دہشتگردانہ "پیجر حملے" کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اجتماعی قتل عام کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ناصر کنعانی نے تاکید کی کہ لبنان میں انجام پانے والے اسرائیلی دہشتگردانہ حملے، غاصب صیہونی رژیم اور اس کے مذموم ایجنٹوں کی مشترکہ کارروائی ہے جو ہر قسم کے اخلاقی و انسانی اصولوں، بین الاقوامی قوانین بالخصوص بین الاقوامی انسانی قانون کے کھلم کھلا خلاف اور بین الاقوامی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی اور اس کے نتیجے میں سزا کے قابل، گھناؤنا جرم ہے!
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ مشترکہ دہشتگردانہ کارروائی جو درحقیقت اجتماعی قتل عام کی ایک بدترین مثال ہے، ایک بار پھر واضح طور پر ثابت کرتی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم فلسطینی عوام کے خلاف کھلے جنگی جرائم و نسل کشی کے ارتکاب کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی امن و سلامتی کو بھی سنگین خطرات لاحق کر رہی ہے لہذا اس غیرقانونی و جعلی رژیم کے دہشتگردانہ اقدامات اور اس کی وجہ سے لاحق خطرات کا مقابلہ ایک واضح ضرورت ہے اور غاصب صیہونی مجرموں کے استثنی کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری کا فوری و فیصلہ کن اقدام بھی انتہائی ضروری ہے۔
اپنے بیان کے آخر میں ناصر کنعانی نے لبنانی حکومت، قوم و مزاحمتی محاذ اور اس دہشتگردانہ کارروائی کے شہداء و زخمیوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار اور لبنان میں ایرانی سفیر سمیت اس واقعے کے تمام زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس نازک مرحلے پر اسلامی جمہوریہ ایران لبنانی حکومت و عوام کی ہر قسم کی مدد کو تیار ہے۔